۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ سید ہاشم موسوی

حوزہ/ امام جمعہ کوئٹہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام عالی مقام نے بنو عباس کے فاسق حکمرانوں کے مقابلے میں دین اسلام کے اصولوں کی پاسداری کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور حضرت سیدہ فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے ایام ولادت باسعادت اور عشرہ کرامت کی مناسبت سے جشن کی تقریب منعقد ہوئی۔

عشرہ کرامت کے موقعہ پر نوجوانوں کے لئے کوئز مقابلہ تقریری مقابلہ اور مضمون نویسی مقابلہ منعقد ہوا۔ تقریب کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی جبکہ مہمان خاص ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی اور معروف سماجی شخصیت جناب مصطفی تیموری اور جماعت اہلسنت بلوچستان کے صوبائی امیر پیر سید حبیب اللہ چشتی تھے۔ جبکہ مولانا سید رضا اخلاقی اور مولانا ذوالفقار علی سعیدی اعزازی مہمان تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل رسول نے ہر دور میں دین اسلام کی بقا کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں آل محمد نے اپنے کریمانہ اخلاق کے ذریعے دین خدا کی طرف دعوت دی ان کا پاکیزہ کردار قرآن و سنت کے عملی شکل اور مجسم تصویر ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام اپنے کریمانہ اخلاق کے باعث کریم آل محمد اور عالم آل محمد کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

تقریب جشن سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ امام علی رضا علیہ السلام کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے امام عالی مقام نے بنو عباس کے فاسق حکمرانوں کے مقابلے میں دین اسلام کے اصولوں کی پاسداری کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت بلوچستان کے صوبائی امیر پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی نے کہا کہ آل رسول سے عشق اور محبت ایمان کا تقاضا ہے حقیقی اہلسنت وہ ہیں جو نبی کی آل سے محبت اور مودت رکھتے ہیں امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت عظیم عبادت ہے کیونکہ امام عالی مقام ع فرزند رسول وارث پیغمبر اور ہمارے رہبر اور رہنما ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب مصطفی تیموری نے کہا کہ سیرت امام علی رضا علیہ السلام کے موضوع پر تقریری مقابلے اور مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ نوجوان نسل کو کتاب اور علم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مطالعے پر توجہ دینی ہوگی۔ مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام کوئز مقابلے کا اہتمام خوش آئند ہے۔

تقریب سے مسؤل مبلغین مولانا سید رضا اخلاقی مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری تبلیغات مولانا ذوالفقار علی سعیدی پیر بولان سید احسان علی شاہ دوپاسی  سماجی رہنما سید انوار نقوی حاجی سید اصغر آغا حاجی غلام علی ہزارہ حاجی ابراہیم و دیگر معززین شریک ہوئے۔

اس موقع پر مقابلہ مضمون نویسی ؛ کوئز اور تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات میں نقد اور انعامات تقسیم کئے گئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .